لاہور: حلیمہ ولی محمد فائونڈیشن (رجسٹرڈ)کے چیئرمین محمدابتسام الحق نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام پر مسلط کر دیاگیاہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان بازار اور سستے بازار عوام کی سہولت کے لیے ہیں لیکن وہاں غیر معیاری اشیا اور مہنگے داموں مال فروخت ہورہاہے ،محمدابتسام الحق نے مزیدکہا کہ سستے رمضان بازاروں کی بجائے عام مارکیٹ میں اشیاء ضروریہ کی قیمتیں اعتدال پر لائی جائیں،سستے رمضان بازار ڈرامہ بازی کے سواء کچھ نہیں ،سستا رمضان بازار کیلئے مختص کی گئی پانچ ارب روپے کی سبسڈی سے عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا بلکہ افسران کی جیبوں میں جارہی ہے جبکہ غریب عوام بنیادی اشیاء ضروریہ کو ترس رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سستے رمضان بازار میں صارفین کو ریلیف دینے کی بجائے ذلیل و خوار کیا جارہا ہے۔
1کلو چینی اور ایک آٹے کے تھیلے پر غریب عوام کی خود داری کو چیلنج کیا جارہا ہے ۔ پھل سبزیاں اور دیگر اجناس کی قیمتیں عام مارکیٹ کے برابر ہیں جبکہ معیار نام کی کوئی چیز نہیں ہے ۔ان بازاروں میں صارفین کم وزراء ‘ سیکرٹریز ‘ اعلی افسران اور سرکاری ملازمین زیادہ نظر آرہے ہیں ۔ فوٹو سیشن اور فرضی کارروائی سے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے۔