گوجرانوالہ (جیوڈیسک) رمضان بازاروں میں ہری مرچ،ٹماٹر ،ادرک غائب غیر معیاری سبزی اور فروٹ کی فروخت پر خریداری کیلئے آئے شہری دنیا سروے میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور بازاروں کی انتظامیہ کیخلاف پھٹ پڑے۔
دنیا سروے میں بات چیت کرتے ہوئے پیپلز کالونی رمضان بازار کے خریداروںکا کہنا تھا کہ بازار میں نصف سے زائد سٹال خالی پڑے ہیں غیر معیاری سبزی،فروٹ ودیگر اشیاء فروخت کی جا رہی ہیں البتہ قیمتیں بہت ہی کم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز کالونی سمیت دیگر رمضان بازاروں میں آٹا،گھی، چینی سمیت حکومتی سب سڈی پر فراہم ودیگر اشیاء معیاری اورمناسب ریٹ پرموجود ہیں لیکن سبزی اور فروٹ غیر معیاری ہیں۔ دھلے ،شاہین آبادکے رمضان بازار میں خریداری کیلئے آئے شہریوں نے بتایا کہ بازاروں سے ہری مرچ،ٹماٹر،ادرک ودیگر اشیاء مکمل طور پر غائب کر دی گئی ہیں اور ان بازاروں میں کدو،شملہ مرچ، آلو، بھنڈی توری، آم، آلو بخارا، خوبانی ودیگر سبزی وفروٹ نہ صرف غیر معیاری ہے بلکہ ان کی قیمتیں بھی اوپن مارکیٹ جیسی ہیں۔ خریداروں کا کہنا ہے۔
کہ بازاروں میں اشیاء خورونوش کا معیار بہتر بنایا جائے تاکہ شہری ان بازاروں سے مستفید ہو سکیں۔دکانداروں کا کہنا تھا کہ منڈی سے ہری مرچ،ٹماٹر سمیت تمام اشیاء ملتی ہیں لیکن ریٹ کم ملنے کے باعث رمضان بازاروںمیں اچھی سبزی اور فروٹ لانا ممکن نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منڈی میں ٹماٹر 100 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے لیکن انتظامیہ 44 روپے میں فروخت کرنے کیلئے دباؤ ڈالتی ہے۔ شاہین آباد بازار انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اتوار اور جمعہ کے علاوہ دیگرایام میں رش نہ ہونے کی وجہ سے سبزی،فروٹ کم ہوتا ہے جوجلد ختم ہو جاتا ہے۔