فیصل آباد (جیوڈیسک) رمضان المبارک میں لگائے جانے والے سستے بازاروں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کی خاطر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حساس اداروں کی طرف سے بھجوائی جانے والی رپورٹس میں اس بات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم مقاصد کی خاطر رمضان المبارک میں لگائے جانے والے سستے بازاروں میں دہشت گردانہ کارروائی کر سکتے ہیں۔
جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ رمضان المبارک میں لگائے جانے والے تمام سستے بازاروں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں۔
ان کیمروں کو لگانے کے لئے تاجروں اور صنعت کاروں کی معاونت حاصل کی جائے گی۔ ان کیمروں کی مانیٹرنگ کیلئے متعلقہ ٹاؤن ایس پیز کے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے۔