لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عوامی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیر ا ہے اور گزشتہ ایک برس کے دوران عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں۔
صوبہ پنجاب کے عوام کو ماہ مقدس میں حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے تاریخی رمضان پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے اور پنجاب حکومت نے عوام کو رمضان المبارک کے دوران رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں صرف سستے آٹے کی فراہمی کیلئے 5 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے۔
عوام کو منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے استحصال سے بچانے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال طریقے سے کام کررہی ہیں، پنجاب حکومت کے بروقت اقدامات اور سخت مانیٹرنگ کے باعث رمضان بازاروں میں عوام کو سستے داموں معیاری اشیائے ضروریہ ، پھل اور سبزیاں وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔
وہ ارکان اسمبلی اور مسلم لیگ (ن)کے عہدیداروں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ جس نے وزیر اعلیٰ سے رائے ونڈ میں ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا صوبائی وزراء ، منتخب نمائندے اورانتظامی افسران رمضان پیکیج کے تحت فراہم کی جانے والی معیاری اشیائے ضروریہ کا جائزہ لینے کے لئے خود رمضان بازاروں کے دورے کر رہے ہیں۔
اور عوام کو سستے داموں معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے اور ناجائز منافع خوروں ، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا رمضان بازاروں میں منافع کمانے کے نام پر کسی کو بھی عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہی وجہ ہے کہ میں خودذاتی طورپر رمضان بازاروں میں فراہم کی جانے والی سہولتوں اور رمضان پیکیج کی نگرانی کررہا ہوں ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں اورنہ ہی عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی سستی یا کوتاہی برداشت کی جائے گی۔
حکومت رمضان کے دوران کسی کو بھی زائد قیمت پر اشیاء فروخت کرنے کی اجاز ت نہیں دے گی۔ انہوں نے اراکین اسمبلی اور منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ رمضان بازاروں کے زیادہ سے زیادہ دورے کر کے عوام کو دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیں۔
اور عام آدمی تک رمضان پیکیج کے ثمرات کو یقینی بنائیں، کہیں کوئی شکایت سامنے آئے تو اس کے فوری ازالے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ شہباز شریف نے لاہو رکے علاقے گارڈن ٹاؤن میں 19 سالہ ملازمہ سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں نہر میں شگاف پڑنے کی خبر کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری آبپاشی سے رپورٹ طلب کر لی۔ شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) قلات کے رہنما میر عبدالجبار عمرانی کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔