کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آمد رمضان سے قبل ملک بھر میں قائم یوٹیلٹی اسٹورز پر تمام روز مرہ اشیاءکی وافر مقدار و مناسب قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے ‘ صفائی ستھرائی کے انتظامات کی بہتری ‘ اسپتالوں میں موسم گرما کے وبائی امراض سے بچاو کی تمام ادویات و علاج کے انتظامات کو درست بنانے ‘ ٹریفک جام کے مسائل سے نجات کیلئے پتھارہ مافیا اور پارکنگ مافیا کو کنٹرول کرنے و لگام ڈالنے ‘ ٹریفک سگنلوں کی درستگی اور ٹریفک پولیس کا قبلہ درست کرنے کے ساتھ عوام الناس کو رمضان میں لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے اور پانی بحران کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ رمضان عبادت و ریاضت وہ مہینہ ہے۔
جس میں شیطان بند کردیا جاتا ہے اسلئے کم از کم اس ایک ماہ میں حکمرانوں ‘ تاجروں ‘ صنعتکاروں ‘ سیاستدانوں ‘ بیوروکریسی اور مافیاز و دہشتگردوں کو بھی اپنے باطنی شیطان کو بند کرلینا اور ایسے کاموں سے گریز کرنا چاہئے جن کی وجہ سے دیگر انسانوں کیلئے ماہ رمضان المبارہ رحمتوں اور نعمتوں کے ماہ کی بجائے صعوبتوں ‘ اذیتوں اور تکلیفوں کا ماہ بن جاتا ہے ۔ امیر پٹی نے کہا کہ کاش اللہ شیطان کے ساتھ اس ایک ماہ کیلئے ان حکمرانوں کو بھی بند کردیا کرے جن کی کرپشن ‘ منافقت ‘ مفاد پرستی ‘ نا اہلی اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے ان کی رعایا ماہ رمضان میں بھی پریشان رہتی ہے۔