رمضان کے آخری ایام، عید پر فول پروف حفاظتی انتظامات کئے جائیں: چودھری نثار

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ رمضان کے آخری عشرے اور عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کئے جائیں، وزارت کے تمام محکموں کے افسر اپنے اداروں میں نظم و نسق کو بہتر کریں اور دیگر اداروں اور وزارتوں کے ساتھ معاملات کو قانون کے مطابق نمٹائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اسلام آباد ائر پورٹ سے ہونے والی انسانی سمگلنگ کے واقعے کا سخت نوٹس لیا اور کہا کہ اس کے ذمہ داروں کے خلاف ایکش لیا جائے گا۔ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کیلئے مختلف اقدامات بھی تجویز کئے گئے۔

ایسے واقعات سے بیرون ملک پاکستان کی بدنامی ہورہی ہے۔ چودھری نثار نے زور دے کر کہا کہ مستقبل میں کسی بھی محکمے میں اس طرح کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیرداخلہ نے اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ اسلام آباد کے داخلی راستوں مارگلہ روڈ، مری روڈ کشمیر ہائی وے اور ریڈ زون کے داخلی راستوں پر چیکنگ سخت کی جائے۔

آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ اسلام آباد کے مضافات میں شرپسند عناصر کی تلاش کے لئے آپریشن ہفتہ وار بنیادوں پر جاری ہے۔ چیئرمین نادار نے اس موقع پر بتایا کہ اسلام آباد پولیس کی مدد سے شہر کے 21 سیکٹروں میں گھر گھر تلاشی کا عمل مکمل ہو چکا ہے جبکہ دیگر سیکٹروں میں تلاشی کا یہ عمل نومبر کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔

وزیرداخلہ نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا درست تجزیہ کیا جائے اور رجسٹریشن کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ چیئرمین نادار نے اس موقع پر بتایا کہ شہر کو محفوظ بنانے کے عمل پر کام جاری ہے۔ خفیہ کیمروں کی تنصیب کے لئے پولیس کی مدد سے جگہوں کا تعین کر لیا گیا ہے۔