کراچی (جیوڈیسک) پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے ملک بھر میں جاری حالیہ لوڈ شیڈنگ خصوصاً سحروافطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہر ی شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں اور انہیں روزمرہ کے کاموں کی تکمیل کے ساتھ ان کی عبادتوں میں بھی خلل پڑ رہا ہے۔
خصوصا سحر و افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ سے شہری پریشانی میں مبتلا ہیں لہٰذ ا حکومت اس پر فوری توجہ دے۔ اپنے بیان میں سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پہلے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جاے گی مگر اب غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جو شہریوں کے لئے تکلیف کا باعث ہے۔
سحر و افطار میں بجلی کی لوڈشیڈنگ معمول بن گیا ہے جو عوام کے ساتھ بڑی زیادتی ہے اس کو بند کیا جائے اور انہیں ماہ صیام میں اپنی عبادتوں کو بھرپور طریقوں سے انجام دینے کیلئے سہولت مہیا کی جائے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ واپڈا ،کے الیکٹرک اور دیگر بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں شہریوں کے حال پر رحم کریں اور ماہ رمضان کی حرمت کا خیال کرتے ہوئے شہریوں کو ریلیف مہیا کریں۔