رمضان المبارک کی پہلی سحری، گھروں اور ہوٹلوں میں خصوصی اہتمام

Hotel

Hotel

لاہور (جیوڈیسک) ملک کے طول وعرض میں پھیلے روزہ داروں نے ماہ مبارک کا پہلا روز رکھا۔ پہلی سحری کا خصوصی اہتمام کیا گیا، گھروں میں دستر خوان سجائے گئے تو پردیسیوں نے ہوٹلوں میں جاکر سحری کی برکات سمیٹیں۔ رحمتوں ، برکتوں اور نیکیوں کا موسم بہار ماہ رمضان آگیا۔

ملک بھر میں آج پہلا روزہ ہے ، پہلی سحری پر ہر گھر میں خصوصی اہتمام کیا گیا ، خواتین نے سالن ، انڈوں ، پراٹھوں ، پھینی ، دہی ، لسی اور دیگر لوازمات سے دسترخوان سجائے ، جبکہ ہوٹل بھی پردیسیوں سے آباد رہے ، بڑوں کے ساتھ بچے بھی رمضان المبارک کی بابرکت ساعتیں سمیٹتے نظر آئے اور شوق سے پہلا روزہ رکھا۔

پہلی سحری کے موقع پر لاہور میں حضرت داتا گنج بخش مزار پر بڑی تعداد میں زائرین نے حاضری دی اور وہیں سحری کی۔ زائرین کے لیے خصوصی کھانوں کا بندوبست کیا گیا ۔ ملتان ، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بھی سحری کے وقت کھانے پینے کی اشیاء سے دکانیں سج گئیں اور دودھ دہی لینے والوں کا رش رہا۔

پراٹھے فروخت کرنے والوں کی دکانیں بھی گاہکوں سے آباد رہیں ، سحری کے بعد اہل ایمان نے مساجد کا رخ کیا اور نماز فجر ادا کی۔