کراچی : نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی کہا ہے کہ رمضان اللہ کی طرف سے مومنین کے لئے سب سے بڑی نعمت اور تقویٰ کی افزائش کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ روزہ بندہ مومن کہ پُرعزم بناتا ہے اور ہر طرح کے طاغوت کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہونے کا حوصلہ عطا کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکٹر 5J، نارتھ کراچی میں منعقدہ ”محفل استقبال رمضان” پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان مسلم معاشروں کی زندگی کی بہت بڑی علامت ہے کہ جہاں ہر طرف نیکیوں کی فصل لہلہانے لگتی ہے اور بندہ مومن اللہ کے بہت قریب ہو جاتا ہے۔
رمضان میں مسلم معاشرے پر جو رنگ دکھائی دیتا ہے جماعت اسلامی اسی رنگ کو ملک کے طول وعرض میں پھیلانے کا عزم رکھتی ہے جہاں ریاست، سیاست، عدالت اور انفرادی زندگیوں میں اللہ کا رنگ غالب ہو۔ روزہ اور رمضان ہمیں ایک بڑے جہاد کے لئے تیار کرتا ہے اور ظالموں کے سامنے حق بات کا اعلان کرتے ہوئے طاغوتی قوتوں سے ٹکرا جانا اور غلبہ دین کے لئے کمر بستہ ہونا بہت بڑا جہاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم پاکستان میں غلبہ دین کی جدوجہد کے لئے اپنی کوششوں کو تیز کریں، اللہ سے بغاوت کے نتیجے میں ہم پر ایسے حکمران مسلط کر دیئے گئے ہیں جو عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں حکومتی وعدوں کے برعکس گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے ہاتھوں عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے اور حکومت ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔
استقبال رمضان پروگرام سے مولانا صدیق الرحمن خلیل، امام و خطیب جامعہ مسجد علی، سیکٹر 11-A نے بھی خطاب کیا۔
سید انوار احمد سیکریٹر ی اطلاعات جماعت اسلامی، وسطی 0345-2385320