رمضان میں لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو، کئی شہروں میں احتجاج

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) رمضان المبارک میں بھی لوڈشیڈنگ کے جن پر حکومت قابو نہیں پاسکی، طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ ملتان میں مظاہرین اور میپکو اہلکاروں میں تصدام کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔ ملتان کے واپڈا ٹاون میں لوڈشیڈنگ کے خلاف سب ڈویژن بوسن میں میپکو کے دفتر کے باہر احتجاج کیا گیا، مظاہرین اور میپکو اہلکاروں میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔

شہریوں نے الزام عائد کیا کہ وہ پر امن مظاہرہ کررہے تھے کہ میپکو اہلکاروں نے تشدد شروع کردیا۔ ملتان ہی میں انصار کالونی کے رہائشیوں نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور ٹرپنگ کے خلاف ممتاز آباد میں میپکو سب ڈویژن آفس کے باہر احتجاج کیا۔ وہاڑی میں ملتان روڈ پر ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث 22 گھنٹے بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف تاجرو ں نے احتجاج کر تے ہوئے ملتان روڈ بلاک کر دی۔

ڈیرہ غازی خان میں ڈسٹرکٹ بار کے وکلا نے بجلی کی طویل اور غیر اعلانی بندش کے خلاف عدالتی امور کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے ایوان عدل کے سامنے احتجاج کیا۔ بہاولپور میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے ہیڈراجکاں میں گرڈ اسٹیشن کا گھیراو کر لیا اور واپڈا آفس میں توڑ پھوڑ کی۔

نوشہرہ میں رشکئی میں کئی دن سے ٹرانسفارمر خرا ب ہونے کے باعث بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف شہریوں نے مردان روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ سوات میں مینگورہ کے نواحی علاقے بلوگرام میں لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔