کراچی (جیوڈیسک) رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہورہا ہے تاہم محکمہ موسمیات نے آج چاند نظر نہ آنے کی پیش گوئی کی ہے۔
رمضان المبارک کاچاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت آج کراچی میں ہوگا جب کہ صوبائی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی آج مقررہ مقامات پر ہوں گے۔ دوسری جانب رویت ہلال ریسرچ کونسل کا کہنا ہے کہ لاہورمیں رمضان المبارک کا چاند نظرآنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج 7 بج کر 24 منٹ پر غروب آفتاب ہوگا جب کہ چاند کی عمر 24 گھنٹے اور 44 منٹ ہوگی اور رمضان المبارک کا چاند 38 منٹ آسمان پر موجود رہے گا، رمضان کے چاند کی عمر انتہائی کم ہے، اس کے علاوہ ملک کے جنوبی حصوں میں مطلع بھی ابر آلود ہے جس کی وجہ سے آج چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔