لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت رمضان پیکیج کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔ رمضان بازاروںکے ذریعے عوام کو آٹا، گھی، دالیں، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر فراہم کی جارہی ہیں۔ صوبائی وزرائ، ارکان اسمبلی، سیکرٹریز اورانتظامی افسران رمضان بازاروں کے دورے باقاعدگی سے جاری رکھیں۔ وہ گذشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ صوبے بھر میں 345رمضان بازاروں کے انعقاد کا مقصد ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف کی فراہمی ہے۔ رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ، سبزیاں اور پھل مارکیٹ سے ارزاں نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی وزراء اور افسران رمضان بازاروں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ میں خود بھی مختلف شہروں کے رمضان بازاروں کے دورے کر رہا ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ رمضان پیکیج اور رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، کوالٹی اور فراہمی کے عمل کی نگرانی کر رہا ہوں۔ صوبے کے عوام کو تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکیج دیا ہے۔
رمضان بازاروں اور فیئر پرائس شاپس پر صرف سستے آٹے کی فراہمی پر 5 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔ عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے اور اسی امر کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لا رہی ہے۔ منافع کے نام پر عام آدمی کا کسی صورت استحصال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی اشیائے ضروریہ، سبزیوں اورپھلوں کے معیار اورقیمتوں پر کڑی نظر رکھیں، ناجائزہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی بلاامتیاز جاری رکھی جائے۔
حکومت کے موثر اقدامات کی بدولت اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے اور رمضان بازاروں میں پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیاء کی رسد میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی مدد کیلئے مالی امداد کا آغاز کر دیا ہے اور بے گھر ہونے والے افراد کو فی خاندان7 ہزار روپے مالی امداد دی جارہی ہے اور انشاء اللہ بہت جلد تمام خاندانوں کو مالی امداد کی فراہمی کا کام احسن طریقے سے مکمل کرلیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور عوام آزمائش کی اس گھڑی میں شمالی وزیرستان کے بے گھرہونے والے اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی امداد اور بحالی کے لیے وسائل میں کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے خاتمے اور نقل مکانی کرنے والے آخری فرد کی بحالی تک پنجاب حکومت بے گھر افراد کی مدد جاری رکھے گی۔
’’چیف منسٹرز ریلیف فنڈ‘‘ میں عوام اور صاحب ثروت و مخیر حضرات اپنے بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی مدد کیلئے کروڑوں روپے کے عطیات جمع کرا رہے ہیں۔ عطیہ کی گئی رقم کی ایک ایک پائی قومی امانت سمجھ کر نہایت دیانتداری کے ساتھ مصیبت میں گھرے افراد پر خرچ کی جا رہی ہے اور پنجاب حکومت شمالی وزیرستان کے متاثرہ بہن بھائیوں کی اپنے گھروں میں واپسی اور مکمل بحالی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔
پاکستان کی سا لمیت کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کی وجہ سے اپنا گھر بار چھوڑنے کی آزمائش سے دوچار لاکھوں بہن بھائی امداد کے منتظر ہیںاور ان کی بھر پور مدد ہمارا دینی، ملی اور قومی فریضہ ہے۔ نقل مکانی پر مجبور ہونے والے حوصلہ مند پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کریں گے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے بعد متاثرین کی مکمل آباد کاری اور تعمیرنو کے لئے بھی تعاون فراہم کریں گے۔
وفاقی حکومت بھی مصیبت زدہ بہن بھائیوں کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت اور مخیر حضرات ’’چیف منسٹرز ریلیف فنڈ‘‘ میں دل کھول کر عطیات دیں اور دنیا و آخرت کمائیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے سینئر صحافی اور کالم نگار سید فیاض الدین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔