رمضان میں منافع خوری کیخلاف بنائی گئی ٹاسک فورس کو جاری رکھنے کا فیصلہ

Commissioner

Commissioner

کراچی (جیوڈیسک) کمشنر کراچی نے شہر میں منافع خوری اور ملاوٹ کی روک تھام، پرائس مکینزم پر عمل درآمد اور مشاورت کے لیے رمضان میں بنائی گئی ٹاسک فورس کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ رمضان کے دوران ٹاسک فورس کی جانب سے تمام ڈسٹرکٹس میں پرائس مکینزم کی بہتری، سرکاری نرخ کے اطلاق ملاوٹ اور غیرمعیاری اشیا کی فروخت کی روک تھام کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے کمشنر ہاؤس سے ٹاسک فورس کی خدمات جاری رکھنے سے متعلق گزشتہ روز نوٹیفکیشن CK/CR/250/2014 جاری کردیا گیا جس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی (ٹو) کی سربراہی میں سول سوسائٹی، صارف انجمنوں اور میڈیا کے نمائندوں پر مشتمل ٹاسک فورس کو تاحکم ثانی کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹاسک فورس میں تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز(ٹو) کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، کمشنر کراچی کی ٹاسک فورس نے رمضان کے دوران گراں فروشوں پر جرمانوں اور سزا کے بجائے سرکاری نرخ پر اشیا کی فروخت کی حکمت عملی اختیار کی۔

اور پانچوں ڈسٹرکٹس میں دو کروڑ روپے کی اشیا کی سرکاری نرخ پر فروخت کو ممکن بنایا، شہر میں گراں فروشی، ملاوٹ اور سرکاری لسٹ آویزاں نہ کرنے سے متعلق ٹاسک فورس کی کارروائیوں کی یومیہ رپورٹ کمشنر کو پیش کی جاتی رہی اور یہ سلسلہ اب مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔