رمضان المبارک رحمتوں، برکتوں کا مہینہ

Allha

Allha

اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں ارشاد فرمایا ہے۔ اے ایمان والو! تم پر رمضان المبارک کے روزے فرض کر دئیے گئے ہیں جیسے کہ تم سے پہلے لوگوں پربھی فرض کئے جا چکے ہیں تاکہ تم پرہیزگار بن جاؤ۔ اللہ رب العزت نے فرمایا ہے کہ روزے رکھنے کا حکم ہم نے بلاوجہ ہی نہیں دیا ہے بلکہ اس کی حقیقی وجہ یہ ہے کہ تم متقی بن جاؤ۔ یہ صرف تمہارے متقی بننے اور جنت میں داخل ہونے کے لئے ایک بہترین طریقہ ہے اور اس سے گریز کرنا ایسا ہی ہے جیسے متقی بننے اور جنت میں داخل ہونے سے انکار کرنا۔ کیا تم مسلمان ہو کر یہ گوارہ کرو گے؟ تمہیں تو یہ چاہئے کہ جنت کے حصول کے لئے زیادہ سے زیادہ پرہیزگار بننے کی جد وجہد کرو۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں پر احسان عظیم فرمایا اور ان کے لئے فضیلت کے اوقات مقرر کئے تاکہ وہ رمضان المبارک میں اپنے لئے نیکیاں اکٹھی کریں۔

جو قیامت کے دن کام آسکے اورکثرت سے حضورپرۖ درود و سلام بھیجیں، جنہوں نے رمضان المبارک میں عبادت اور بندگی کی منفرد مثال قائم کی۔اللہ تعالیٰ کا ارشاد گرامی ہے۔ کہ رمضان المبارک وہ مقدس مہینہ ہے جس میں قرآن پاک کا نزول ہوا۔ رمضان کی سب سے بڑی فضیلت یہ ہے کہ قرآن پاک جو اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے حضور اکرم ۖکا سب سے بڑا معجزہ اورآپۖ کی امت کیلئے سب سے عظیم نعمت ہے اور قیامت تک آنے والے تما م لوگوں کے لئے ہدایت ہے، وہ رمضان المبارک میں نازل ہوئی اور اسی وجہ سے رمضان کو قرآن کا مہینہ قرار دیا گیا ہے۔ رسولۖ رمضان المبارک سے بہت محبت فرماتے تھے اور اس کے پانے کی دعا کرتے تھے۔ آپۖ اس مقدس ماہ کا استقبال ماہ شعبان میں ہی روزوں کی کثرت کے ساتھ کرتے تھے۔

Ramzan Kareem

Ramzan Kareem

رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی حضورۖ کے معمولات، عبادت و ریاضت میں عام دنوں کی نسبت بہت اضافہ ہو جاتا تھا۔ حضورۖ رمضان کا چاند دیکھتے تو فرماتے یہ چاند خیر و برکت کا ہے۔ میں اس ذات پر یقین رکھتا ہوں جس نے مجھے پیدا فرمایا۔ حضور ۖروزے کا آغاز سحری کھانے سے کیا کرتے تھے۔ آپۖ نے امت کو تلقین فرمائی کی سحری ضرور کھایا کرو۔ خواہ وہ پانی کا ایک گھونٹ ہی کیوں نہ ہو۔ آپ ۖنے ارشاد فرمایا : سحری سراپا برکت ہے اسے ترک نہ کرو۔ آپۖ نے فرمایا سحری کرنیوالے پر اللہ کی رحمتیں نازل ہوتی ہیں۔ آپ ۖنے ارشاد فرمایا جب تم میں سے کوئی روزہ افطار کرے تو اسے چاہئے کہ کھجور سے کرے۔ کیونکہ اس میں برکت ہے اگر کھجور میسر نہ ہو تو پانی سے کرے کیونکہ پانی پاک ہے۔ سحری کھانے میں تاخیر اور افطار کرنے میں جلدی کرنا حضور ۖکا زندگی بھر معمول رہا۔

روزہ رضائے حق حاصل کرنے کا ذریعہ اور مسلمانوں کی دینی اور اخلاقی تربیت کا وسیلہ نفسانی خواہشات پر قابو پانے اور اپنے آپ کو منکرات سے بچانے کا اہم ذریعہ ہے۔ روزہ گناہوں کے لئے ڈھال ہے۔ روزہ دار کو چاہئے کہ وہ گناہ کاکام نہ کرے۔ روزہ کا مقصد قرآن پاک نے تقویٰ کو قرار دیا ہے اور تقویٰ بری باتوں اور برے کاموں سے بچنے، اللہ کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے اور اللہ کا خوف اپنے اندر پیدا کرنے کو کہتے ہیں۔ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد پاک ہے۔ کہ اے لوگو جو ایمان لائے ہو اور اللہ سے ڈرو اور ہر شخص یہ دیکھے کہ اس نے کل کے لئے کیا سامان کیا ہے۔ یقینا اللہ تمہارے ان سب اعمال سے باخبر ہے۔ ایسے روزے دار بہت ہیں جن کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں۔

بہت سے روزہ دار ایسے ہیں جن کو روزے کے نام پر صرف بھوک پیاس ملتی ہے اور بہت سے رات کو نماز پڑھنے والے ایسے ہیں جن کو قیام لیل کے نام پر رات کا جاگنا ہی ملتا ہے۔ یہ لوگ روزہ تو رکھتے ہیں مگر روزے کے روحانی اور اخلاقی تقاضے پورے نہیں کرتے۔ زبان کو دوسروں کی غیبت سے، برائی سے اور بد گوئی سے محفوظ نہیں رکھتے۔ دوسروں کی حق تلفی سے، جھگڑ نے اور لڑائی سے باز نہیں آتے۔ غرض ایسے لوگوں کو روزہ سے نہ خود فائدہ ہو گا اور نہ اللہ کو اس کے روزہ کی ضرورت ہے۔ رمضان وہ ماہ مقدس ہے جس میں نیکیوں کی فصل اگتی ہے اور پھر لہلہاتی ہے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے۔ بے شک روزہ خالص میرے لئے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا کہ بندہ میری ہی خاطر اپنا کھانا پینا اور اپنی خواہش نفس سب کچھ چھوڑ دیتا ہے۔ نیز فرمایا روزہ دار کے لئے دو خوشیاں ہیں۔ ایک افطار کے وقت اور ایک اپنے رب سے ملاقات کے وقت۔ اور بے شک روزہ دار کے منہ کی بو اللہ کے نزدیک مشک سے زیادہ اچھی اور پاکیزہ ہے۔ الغرض رمضان قرآن کا مہینہ ہے، رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے اور اللہ کا مہینہ ہے۔ اس میں ہر مسلمان کو اپنا گیارہ مہینوں کا محاسبہ کرنا چاہئے اور اپنا زیادہ سے زیادہ وقت دوسرے مشاغل سے فارغ ہو کر یاد خداوند ی میں لگانا چاہئے۔ اللہ ہم سب کو روزہ کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے ( آمین)۔ بشکریہ(پی ایل آئی)

MA Tabassum

MA Tabassum

تحریر : ایم اے تبسم
email: matabassum81@gmail.com
0300-4709102