کراچی (اسٹاف رپورٹر) گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے پھلوں اور سبزیوں سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا و اندوہناک اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا المیہ ہے کہ رمضان میں مقید ہونے سے قبل شیطان پوری طرح اس ملک پر حملہ آور ہوکر اتنے بچے پیدا کردیتا ہے کہ رمضان میں شیطان کے مقید ہونے کا پاکستانیوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا اور اس سال بھی ایسا ہی ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
کیونکہ ہر سال کی طرح حکمران اپنے مفادات کو فوقیت دیتے ہوئے عوامی مسائل اور پریشانیوں کو نظر انداز کئے ہوئے ہیں اور سرمایہ دار ‘ ذخیرہ اندوز و گرانفروش عوام کو لوٹنے کی تیاریاں مکمل کرچکے ہیں جس کی وجہ سے عمومی مارکیٹوں کے علاوہ اتوار و بچت بازاروں میں بھی مہنگائی کا طوفان اُمڈ آیا ہے اور پھلوں وسبزیوں سمیت دیگر تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے مہنگائی کو آسمان تک پہنچادیا ہے مگر کرپشن کیخلاف کاروائی سے انکاری حکمران و حکومت مہنگائی اور گرانفروشی کیخلاف بھی اقدامات اٹھانے سے گریزاں ہی دکھائی دے رہے ہیں۔
جس کی وجہ سے آنے والے رمضان میں قدرتی گرمی اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے ساتھ مہنگائی کی لہر بھی عوام کے ہوش اڑانے اور پسینے چھٹانے کیلئے تیار دکھائی دے رہی ہے۔