رمضان المبارک کے آتے ہی سبزیوں، پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ

Vegetables

Vegetables

اسلام آباد(جیوڈیسک) اسلام آباد میں رمضان المبارک کے آتے ہی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں دوگنا ہوگئی ہیں۔ لوگ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر ہیں۔ رمضان میں قیمتوں کے استحکام کے لیے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور بازاروں میں مہنگائی کا راج ہے۔

رمضان کے آغاز پر ہی پیاز 20، آلو 30، ٹماٹر 40 اور آم 80 روپے فی کلو مہنگا ہو چکا ہے۔ سبزی منڈی کے تاجر من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں تو بازاروں میں بھی چیزیں دوگنے دام فروخت کی جا رہی ہیں۔دکان داروں کا کہنا ہے کہ بڑے تاجر اور ذخیرہ اندوز ناجائز منافع خوری کرتے ہیں۔

دکان دار کو منڈی سے چیزیں مہنگی ملیں تو سستی کیسے بیچ سکتے ہیں۔ دکان داروں کے بہانے اپنی جگہ، مگر حقیقت یہ ہے کہ رمضان المبارک میں جہاں دنیا بھر میں چیزیں سستی ہو جاتی ہیں وہیں پاکستان میں ان کی قیمتیں دوگنا کر دی جا تی ہیں۔ عوام کہتے ہیں کہ منافع خور او ر ذخیرہ اندوز تو رمضان المبارک کے رنگ میں بھی بھنگ ڈال دیتے ہیں۔