رمضان کے پہلے ہفتے میں مہنگائی میں اضافہ

Inflation

Inflation

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک میں رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ تین چھ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق آٹھ ہزار روپے تک آمدن والے افراد کیلئے مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ تین نو، بارہ ہزار روپے تک آمدن والے افراد کیلئے صفر اعشاریہ تین سات فیصد اور اٹھارہ ہزار آمدن والے افراد کے لئے صفر اعشایہ تین آٹھ فیصد اضافہ ہوا۔

جبکہ پینتیس ہزار روپے تک آمدن والے افراد کے لئے مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ تین چھ اور اس سے زائد آمدن والے افراد کیلئے یہ اضافہ صفر اعشاریہ تین چار فیصد رہا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر، کیلے، آلو اور پیاز سمیت انیس اشیا کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ چکن، انڈوں اور آٹے سمیت پندرہ اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی تاہم دودھ، نمک اور پٹرولیم مصنوعات سمیت انیس اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔