کراچی : کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ نے اعلان کیا ہے کہ 5 جون کو استقبال رمضان سائیکل ریس کا انعقاد کیا جائے گا جس کی اسپانسر شپ کمشنر کراچی آفس کرے گا یہ اعلان انہوں نے پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسویسی ایشن کے زیر اہتمام راشد علی صدیقی یادگاری سائیکل ریس کی اپنے دفتر میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ کراچی میں جب تک میں اس منصب پر موجود ہوں کھیل اور کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی کرتا رہوں گا ، میری خواہش ہے کہ کراچی کے کھلاڑی صوبہ سندھ کا نام پورے ملک میں روشن کریں اور یہ شہر جو کہ عظیم کھلاڑیوں کا شہر ہے ایک مرتبہ پھر یہاں سے عظیم کھلاڑی پیدا ہوں انہوں نے کہا کہ قومی سائیکلنگ چیمپئن شپ میں جن 15کھلاڑیوں نے میڈل حاصل کئے ہیں ان کو بھی کمشنر کراچی آفس نقد انعامات سے نوازے گا۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس کھیلوں کے فروغ کے بے پناہ منصوبے ہیں اور میں اس موسم میں کھیلوں کے مقابلے کرانا چاہتا تھا لیکن گرم موسم کی وجہ سے یہ ممکن نہ ہوسکا ،انشااللہ عید الفطر کے بعد کراچی میں کھیلوں کے بے مثال مقابلے منعقد کرائے جائینگے۔
قبل ازیں تقریب سے ریس کے چیف آرگنائزر نیشنل بینک کے مشیر کھیل غلام محمد خان ،پی آر اواسپورٹس NBPعظمت اللہ خان کے علاوہ حبیب حسن ، دانش بلوچ اور باران بلوچ نے بھی خطاب کیا تقریب میں احمد عبدالعزیز،اعجازاحمد قریشی ،اور دیگر نے شرکت کی اس موقع پر سائیکلسٹوں میں نقد انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔