پشاور (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے پنجاب کے صوبائی وزیر رانا ثنا اللہ کے دماغ کے پیچ ڈھیلے قرار دیئے کہتے ہیں کہ رانا ثنا اللہ کو ان کی جماعت سنجیدگی سے نہیں لیتے تو ہم کیا لیں گے۔ پشاور ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ڈیرہ جیل واقعے پر صوبائی حکومت کو نہیں بلکہ وفاقی وزیر داخلہ کو مستعفی ہونا چاہئے۔ وزیر داخلہ کو اتنی بھی توفیق نہیں ہوئی کہ وہ انتے بڑے واقعے کے بعد ایک فون ہی کر لیتے۔
پنجاب میں سری لنکن ٹیم، ایف آئی اے کے دفتر اور پولیس اکیڈمی پر حملے کئے گئے تو کیا پنجاب حکومت مستعفی ہوئی؟۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے دو ماہ کے دوران چین تک کا دورہ کر لیا ہمارے دو ایم پی ایز شہید ہوئے لیکن وزیراعظم یا وزیر داخلہ نے خیبرپختونخوا کا دورہ کرنے کی زحمت تک نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک قومی پالیسی نہیں بنائی جاتی طالبان سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔