لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ اور سابق پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر توقیر شاہ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کیلئے قائم تحقیقاتی ٹریبونل کے سامنے حلفیہ بیان جمع کرانے کے لئے 4 دن کی مہلت مانگ لی۔
سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کیلئے جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل لاہور ہائیکورٹ کے یک رکنی تحقیقاتی ٹریبونل نےآج دوبارہ انکوائری شروع کی۔ سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ اور سابق پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر توقیر شاہ، چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پولیس پنجاب ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے، سابق وزیر قانون پنجاب راناثناءاللہ کو ارکان اسمبلی ،وکلاءاور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے اپنے گھیرے میں لے رکھا تھا۔
رانا ثنااللہ اور ڈاکٹر توقیر شاہ نے حلفیہ بیان جمع کرانے کےلئے 4 دن کی مہلت مانگی۔جسٹس علی باقر نجفی نے مہلت دیتے ہوئے قرار دیا کہ آپ سوموار تک بیان جمع کرا دیں۔ ضرورت پڑی تو دوبارہ طلب کریں گے۔