پیرمحل (میاں اسد حفیظ سے) چھ جنوری بروز بدھ پیر محل کے حلقہ PP ـ89 میں ہونے والے ضمنی انتخاب سے چارروز قبل پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار سابق ہاکی اولمپیئن رانا شفیق احمد خاں نے اعلیٰ پارٹی قیادت سے اختلافات پیدا ہو جانے پر دلبرداشتہ ہوتے ہوئے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار پیر قطب علی شاہ المعروف علی بابا کی حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔
جب کہ رانا شفیق احمد خاں نے اپنی رہائش گاہ پر چیئرمین استحقا ق کمیٹی و رکن قومی اسمبلی چوہدری اسدالرحمن دیگر اراکین اسمبلی چوہدری خالد وڑائچ ،مہر اشتیاق ،ملک وحید گل اور کوآرڈینیٹر حمزہ شہباز شریف سید توصیف شاہ ، چوہدری تنویر نثار گجرکی موجودگی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کاغذات نامزدگی اور انتخابی نشان الاٹ ہونے کے روز کوئی بھی پی ٹی آئی کا ضلعی عہدیدارشکست کے خوف سے ضمنی الیکشن لڑنے سے گریزاں تھامگر میں نے شکست کے خوف کو بالا طاق رکھ کر پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ضمنی الیکشن لڑنے کا چیلنج قبول کیا مگر صوبائی آرگنائزر پی ٹی آئی چوہدری محمد سرور کے دورہ پیرمحل کے بعد مجھ پر آزادامیدوار سیدہ سونیا علی رضا شاہ کے حق میں دستبردار ہونے کیلئے چوہدری سرور جہانگیر ترین اور دیگر قیادت کی طرف سے دبائو ڈالا جانے لگا انکار پر پی ٹی آئی اعلیٰ قیادت اور ضلعی عہدیداروں نے مجھے بے یار مددگار چھوڑ دیا مگر پھر بھی میں نے پارٹی ضابطہ اخلاق کو مد نظر رکھتے ہوئے چیئرمین تحریک انصا ف عمران خان اور دیگر قیادت کو ڈیڈ لائن دی کہ میری انتخابی کمپین کا حصہ بنیں کیونکہ مجھ کیلئے تن تنہا ضمنی الیکشن میں کامیابی مشکل نظر آ رہی تھی تمام تر حالات و واقعات کی آگاہی اعلیٰ قیادت تک پہنچائے جانے کے باوجود مجھے۔
بے یارمددگار چھوڑا گیا تو انتہائی اقدام اٹھانے پر مجبور ہواہوں۔رانا شفیق احمد خاں کی الیکشن سے دستبرداری پر ن لیگی کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے مٹھائیاں بھی تقسیم کیں اور اپنے پیغام میں میاں محمد نوازشریف ،میاں محمد شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ پارٹی قیادت کو ضمنی الیکشن میں کامیابی کی پیشگی مبارکباد بھی دی۔