ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) رانا تنویر حسین وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار نے پی او ایف سنجوال میں سولر پاور پلانٹ کا افتتاح کیا۔ اس سولر پاور پلانٹ کی جنریشن کی صلاحیت 5.04میگا واٹ ہے اور یہ پاکستان کے کسی صنعتی یونٹ میں استعمال ہونے والا سب سے بڑا کیپٹیو سولر پلانٹ ہے۔ اس پلانٹ کی پیدا کردہ توانائی پی او ایف سنجوال فیکٹری میں استعمال کی جائے گی اور یہ پی او ایف سنجوال کی 50فیصد سے زیادہ توانائی کی ضروریات کو پورا کر سکے گا۔
پی او ایف سنجوال کے اوقات کار کے بعد اور چھٹی کے دنوں میں اس کی فاضل توانائی نیشنل گرڈ کو فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے توانائی کے شعبے میں خود کفالت حاصل کرنے کے پی او ایف کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی او ایف سنجوال میں سولر پاور پلانٹ کا قیام پی او ایف کی بہت بڑی کامیابی ہے اور ملک کے دوسرے دفاعی پیداوار کے اداروں کو پی او ایف کی تقلید کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سولر ایک سستی توانائی ہے اور دفاعی پیداوار کے اداروں میں اس توانائی سے نہ صرف پیداواری عمل بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گا بلکہ مصنوعات کی لاگت میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی۔ سولر توانائی سے نیشنل گرڈ پر لوڈ میں کمی آئے گی یہ ماحول کے لیے بھی دوستانہ ہے۔میسرز HBKCSہانگ کانگ نے اس سولر پاور پلانٹ کو ڈیزائن کیااور اسی فرم نے اس کی انسٹالیشن اور کمیشننگ مقررہ وقت سے دو مہینے پہلے مکمل کر لی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات، ہلال امتیاز (ملٹری) چیئرمین پی او ایف بورڈ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید محمد اویس سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار اور پی او ایف کے سینئر افسران اس موقع پر موجود تھے۔
ڈاکٹر سید صابر علی تحصیل رپورٹر ٹیکسلا0300-5128038