رنبیر کپور 28 ستمبر کو31 ویں سالگرہ منائینگے

Ranbir Kapoor

Ranbir Kapoor

ممبئی (جیوڈیسک) این جی ٹی بالی ووڈ میں اداکاری کے حوالے سے تیزی سے کامیابی کی سیڑھیاں چڑھتے اداکار رنبیر کپور 28 ستمبر کو 31 ویں سالگرہ منائینگے۔ 28 ستمبر 1982 کو بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی میں پیدا ہونے والے رنبیرکپور ماضی کے مقبول اداکار رشی کپور اور نیتو سنگھ کے بیٹے ہیں۔ 2007 میں فلم سانوریا سے اپنے بالی ووڈ کیرئیر کا آغاز کرنے والے رنبیرکپور اب تک کئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

جن میں بچنا اے حسینو،Wake Up Sid،عجب پریم کی غضب کہانی، راج نیتی، راکٹ سنگھ اور انجانا انجانی شامل ہیں۔ اپنی پہلی فلم سانوریا کے لیے رنبیر کپور کو فلم فیئر بیسٹ میل ڈیبیوکا ایوارڈ بھی مل چکا ہے جبکہ انہیں فلم فیئر کرٹکس کی جانب سے بھی تین بار بہترین کارکردگی کے ایوارڈ زسے نوازا جاچکا ہے۔

2011 میں ریلیز ہونے والی فلم”راک اسٹار”میں جارڈن اور 2012 میں برفی فلم میں برفی کا کردار نبھا کر راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے رنبیر نے ان فلموں کے لیے بیشمار بہترین اداکار کے ایوارڈز وصول کیے۔ رواں سال بھی رنبیر کپور کی فلم”یہ جوانی ہے دیوانی”ریلیز ہوئی۔

جس نے باکس آفس پر تہلکہ مچادیا اور بالی ووڈ کی تاریخ میں چوتھی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم قرار پائی۔ رنبیر کی آنے والی فلموں میں انوراگ کشپ کی “بے شرم”اگلے ہفتے ریلیز ہورہی ہے جبکہ روئے، بومبے ویلویٹ اور جگا جاسوس اگلے سال سینما گھروں کی زینت بنیں گی۔