ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور نے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی باقاعدہ شاگردی اختیار کرلی ہے۔
دیئے گئے انٹرویو کے دوران رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں کسی بھی فلم کی کامیابی کے لئے اس کی تشہیر بھی بڑی اہم ہوتی ہے اور اس کے لئے مختلف طریقے اختیار کئے جاتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فلم دیکھنے کی جانب راغب کیا جاسکے۔ بالی ووڈ میں اکثر لوگوں کو تشہیر کے جدید طریقوں کا علم ہی نہیں وہ اب بھی پرانے انداز اختیار کئے ہوئے ہیں۔
رنبیر کپور کا کہنا تھاکہ بالی ووڈ میں عامر خان وہ واحد اداکار ہیں جنہیں اپنی فلم کی تشہیر کا ہنر آتا ہے، انہیں اس بات کا علم ہوتا ہے کہ ان کی کس فلم کو تشہیر کی کتنی ضرورت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی ہر نئی فلم کی تشہیر کے لئے نیا انداز اپناتے ہیں۔ وہ خود بھی اپنی فلم کی تشہیر کے لئےعامر خان سے باقاعدہ مشاورت کرتے ہیں اور انہی کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے کسی بھی پروگرام میں شرکت کا فیصلہ کرتے ہیں۔