کراچی (جیوڈیسک) ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق اور سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز ہیڈ کوارٹر میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں متعلقہ رینجرز کمانڈرز نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں دہشت گردی کے واقعات اور ٹارگٹ کلنگ کے محرکات کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر بھرپوراور مربوط تحقیقاتی عمل کا فیصلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں اور عسکری ونگ کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے سدباب کے لیے اہم فیصلے کیے گئے جن میں شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جانا بھی شامل ہے۔
دوسری جانب ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی جس میں حالیہ دہشت گردی خصوصاً امجد صابری کے قتل پر غور کیا گیا جب کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی جی رینجرز کو شہر میں آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز، پولیس دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں کرے۔
واضح رہے کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال ایک بار پھر خراب ہوگئی ہے اور شہر میں گزشتہ دنوں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے صاحبزداے اویس شاہ کو اغوا کرلیا گیا جب کہ لیاقت آباد کے علاقے میں معروف قوال امجد صابری کو قتل کردیا گیا۔