کراچی (جیوڈیسک) رینجرز کے ہاتھوں گرفتار لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ سے تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ رینجرز نے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کو تفتیش کے لیے طلب کر لیا۔
لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ سے تفتیش میں اہم پیش رفت، عزیر بلوچ نے بڑے بڑے نام لینے شروع کر دیئے۔
رینجرز ذرائع کے مطابق عزیر بلوچ نے تفتیش کے دوران اہم انکشافات کئے ہیں جس کے بعد سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کو تفتیش کے لیے طلب کرلیا گیا۔
ذوالفقار مرزا سے عزیر بلوچ کے دیے گئے بیانات کی روشنی میں تفتیش کی جائے گی۔ اس سے پہلے ذوالفقار مرزا عزیر بلوچ کو قریبی ساتھی اور اپنا بھائی بھی قرار دے چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ذوالفقار مرزا کے دور میں لیاری گینگ وار کو تین لاکھ سے زائد اسلحہ لائسنس فراہم کیے گئے تھے۔