رینجرز نے حیدر بیگ کی گرفتاری ظاہر کر دی، ملزم کا 12 افراد کے قتل کا اعتراف

Rangers

Rangers

کراچی (جیوڈیسک) رینجرز نے نیو کراچی سے حراست میں لئے جانے والے حیدر بیگ کی گرفتاری ظاہر کر دی ، رینجرز کے مطابق ملزم نے بارہ افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر ناصر جمال کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق حیدر بیگ کو جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب 3 بجے حراست میں لیا گیا۔

ترجمان رینجرز نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم نے 12 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے جبکہ وہ بھتہ خوری میں بھی ملوث ہے۔ ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر ناصر جمال کا کہنا ہے شہریوں کوغائب نہ کیا جائے بلکہ ٹارگٹڈ آپریشن میں گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے لانڈھی سیکٹر یونٹ 83 کے کمیٹی رکن محمد جاوید کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ رینجرز نے محمد جاوید کو فٹ بال میچ دیکھتے ہوئے گرفتار کیا۔ رابطہ کمیٹی نے ایم کیو ایم کے گرفتار کارکنوں کی زندگی کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔