کراچی (جیوڈیسک) سندھ حکومت نے رینجرز کے اختیارات سے متعلق وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ایکشن پلان کامیاب کرنے کے لیے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی اور ان اختیارات کو صرف کراچی تک محدود کرنے کا تاثر بھی غلط ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رینجرز کو صرف کراچی تک محدود کرنے کا تاثر غلط ہے، قومی ایکشن پلان کامیاب کرنے کے لیے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی اور اسمبلی کے ذریعے ان اختیارات میں مزید توسیع بھی کی جائے گی جب کہ کراچی میں امن کے لیے رینجرز کی خدمات اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور ملٹری لیڈرشپ کے ایک پیج پر نہ ہونے کی باتیں بھی بے بنیاد ہیں جب کہ آرمی چیف نے بھی قومی ایکشن پلان پر عمل کے لیے سندھ حکومت کی تعریف کی ہے اس لیے سندھ حکومت کی نیت پر شک کرنا زیادتی ہوگی۔