کراچی (جیوڈیسک) میں کریم آباد پل کے قریب فرنیچر کی دکان پر دستی بموں سے حملے میں دو افراد زخمی ہو گئے جبکہ مچھر کالونی میں رینجرز نے چھاپہ مار کے گینگ وار کے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ کراچی کے علاقے کریم آباد پل کے قریب فرنیچر کی دکان پر موٹرسائیکل سوار ملزم دو دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے۔ دھماکوں سے دو دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ چھرے لگنے سے 2 افراد معمولی زخمی ہوئے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا۔ پولیس حکام نے واقعہ کو بھتہ نہ دینے کا شاخسانہ قرار دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملے کے وقت دکان بند تھی۔
اس لئے زیادہ نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں رینجرز نے چھاپہ مار کے گینگ وار کے 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان کے قبضے سے 3 ایس ایم جی رائفل اور 500 سے زائد گولیاں برآمد ہوئیں۔ کارروائی کے دوران 2 مغوی بھی بازیاب کرا لئے گئے۔ ملزمان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔