کراچی (جیوڈیسک) سندھ رینجرز نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما قمر منصور کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کردیا۔
کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 2 میں سندھ رینجرز کے لا آفیسر نے ایم کیو ایم کے رہنما قمر منصور کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ جمع کرائی، جس میں کہا گیا ہے کہ قمر منصور کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کیا گیا ہے تاہم ان کے خلاف تحقیقات جاری رہے گی اور ٹھوس ثبوت ملنے پر انہیں دوبارہ گرفتار کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حراست سے رہائی کے بعد قمرمنصور نے رابطہ کمیٹی سے گفتگو کے دوران جن خدشات کا اظہار کیا ہے، اسے مد نظر رکھتے ہوئے انہیں تنظیم کی تمام تر ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رینجرز نے 17 جولائی کو نائن زیرو پر کارروائی کرتے ہوئے قمر منصور کو گرفتار کیا تھا تاہم 22 جولائی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے قمر منصور کو نفرت انگیز تقاریر کے لیے انتظامات کرنے اور سہولت پہنچانے کے الزام میں 90 روز کے لئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا تھا۔