کراچی(جیوڈیسک)کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز کا سرچ آپریشن اور اس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔اب تک دو درجن سے زائد افراد سے اسلحہ برآمد کرکے انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
کراچی کا لیاری ایک بار پھر کشیدگی کا شکار ہوگیا۔رینجرز نے افشانی گلی ، آٹھ چوک ، بغدادی ، دریاآباد ، چاکیواڑہ اور ملحقہ علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔گرفتار ملزم سمیر کی نشان دہی پر ایک مکان سے خودکار اسلحہ ملاجس میں کلاشنکوف ، 2 رپیٹر اور 6 پستول شامل ہیں۔رینجرز نے افشانی گلی اور نوالین سے سولہ افراد کو حراست میں لیا اور ان سے دستی بم سمیت دیگر اسلحہ برآمد کرلیا۔
سرچ آپریشن کے خلاف ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔چاکیواڑہ ، شاہ عبدالطیف بھٹائی روڈ اور دریاآباد میں مشتعل افراد نے ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاج کیا۔اس دوران فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوگئے۔ادھر مواچھ گوٹھ میں رکاوٹیں کھڑی کرکے حب ریور روڈ بند کردیا گیا۔