لیاری کے مختلف علاقوں میں رینجرز آپریشن، 40 افراد گرفتار

 Rangers operation

Rangers operation

کراچی (جیوڈیسک) اس سے پہلے لیاری میں راکٹ حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے، مختلف علاقوں میں رینجرز کا آپریشن جاری ہے، 40 سے زائد افراد پکڑ لیے گئے۔

لیاری میں گینگ وار کے کارندوں کے درمیاں فائرنگ کے بعد رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔ آپریشن کے دوران 40 سے زائد افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ آپریشن میں رینجرز گھر گھر تلاشی کے عمل میں مصروف ہے جبکہ پولیس داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے آپریشن میں رینجرز کا ساتھ دے رہی ہے۔

لیاری میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 3 اہم ملزم چھوٹا جینگو، گینگ وار کا اہم رکن کامران لاشاری اور گینگ وار کے مرکزی ملزم فیصل پٹھان کا بھائی گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، واکی ٹاکی برآمد کیا گیا ہے۔ لیاری میں جہاں ایک طرف مشترکہ آپریشن جاری ہے وہیں گینگ وار کے ملزمان امن خراب کرنے میں پیش پیش ہیں۔ آٹھ چوک اورٹینری روڈ پر نا معلوم افراد نے راکٹ حملے کئے جن سے دو خواتین اور ایک بچی سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ آپریشن میں ایک علاقے میں کلئیر کرنے کے بعد دوسرے علاقے کا محاصرہ کر لیا جاتا ہے۔ لیاری میں امن قائم کرنا اولین ترجیح ہے۔