کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے اراکین نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حق میں سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی، رکن اسمبلی خرم شیر زماں کا کہنا ہے کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی مخالفت کرنے والے سندھ کے عوام سے سنجیدہ نہیں ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زماں نے اسمبلی سیکرٹریٹ میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی قرار داد جمع کرا دی۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ رینجرز کے اختیارات میں چار ماہ کی توسیع کی جائے۔
رینجرز نے کراچی میں امن قائم کرنے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ رینجرز کو بھتہ خوری، کرپشن ، دہشت گردی، ٹارگٹ کلر اور لینڈ مافیا جیسے عناصر سے نپٹنے کے لئے اختیارات میں توسیع کی جائے۔
جبکہ شہریوں کی خواہش بھی یہی ہے کہ رینجرز کو اختیارات دیئے جائیں۔ تحریک انصاف رینجرز کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتی ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خرم شیر زماں کا کہنا تھا کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی مخالفت کرنے والے سندھ کے عوام سے سنجیدہ نہیں ہیں۔
دوسری طرف وزیر تعلیم سندھ نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع پر بحث کے لئے دس دسمبر کو سندھ اسمبلی میں اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
کراچی میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ دس دسمبر کو سندھ اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے جس میں رینجرز کے توسیع کے حوالے سے بحث کے بعد بہتر فیصلہ کیا جائے گا۔
نثار کھوڑو کا مزید کہنا تھا کہ رینجرز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے بعد شہر نے سکون کا سانس لیا ہے۔ امن و امان کی صورتحال میں کئی گناہ بہتری آئی ہے۔