فیصل آباد (پ ر) صدر موبائل ایسوسی ایشن کچہری بازار چوہدری خالد جٹ’ جنرل سیکرٹری محمد نعیم اور عوامی لیڈر شہباز گل بٹ نے اپنے مشترکہ موقف میں کہا ہے کہ رینجرز اختیارات پر نواز شریف کا ٹھوس موقف جرأتمندانہ اقدام ہے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف سے قائم علی شاہ کو رینجرز اختیارات بارے دوٹوک رویہ اختیار کر کے پوری قوم کے دل جیت لئے ہیں۔
وزیراعظم کے اس اقدام سے ثابت ہوگیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت اور پاک فوج ایک موقف پر متحد ہیں اور اس میں کسی بھی ذاتی یا سیاسی رکاوٹ اثر انداز نہیں ہوگی۔
خالد جٹ نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی رینجرز کے حوالے سے اقدامات پر دلیرانہ موقف اپنا کر پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کی۔ کراچی میں امن وامان کی بحالی میں رینجرز کا کردار قابل تعریف ہے اور پوری قوم چاہتی ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو کسی بھی قیمت پر جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اور اس کے لئے کسی بھی دبائو کو خاطر خواہ میں نہ لایا جائے۔
خالد جٹ نے کہا کہ پیپلز پارٹی محض ایک شخص کو بچانے کیلئے رینجرز کے معاملے کو سیاسی طور پر الجھانا چاہتی ہے لیکن وفاقی کیبنٹ کی جانب سے دور اندیش سوچ نے اس چال کو ناکام بنا دیا۔