کراچی (جیوڈیسک) رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیوں میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث 52 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق نیو کراچی کے علاقے سیکٹر 11 -F میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے حسین نامی شخص کو حراست میں لے کر اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ، ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے جس پر الزام ہے۔
کہ اس نے مبینہ طور پر 2 افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا، رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے رشید آباد میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔
جبکہ تینوں افراد کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ، گارڈن پولیس نے دھوبی گھاٹ کے قریب مقابلے کے بعد ملزم شریف کو گرفتار کر کے کلاشنکوف برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ملزم کا ساتھی نعیم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے جس نے متعدد افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا ہے، پاک کالونی کے علاقے جہان آباد لاشاری محلے میں پولیس نے مقابلے کے بعد ملزم محمد عرف راجا پٹھان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور وہ بھتہ خوری سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا ملوث ہے جبکہ ملزم کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
دریں اثنا کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق پولیس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 76 چھاپوں اور 4 پولیس مقابلوں کے بعد 46 ملزمان کو گرفتار کر کے 19 پستول، ایک دستی بم اورمنشیات برآمد کرلی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک ٹارگٹ کلر ،ایک ڈکیت ،14 غیر قانونی اسلحہ، 13 منشیات فروش ، 12 مفرور اور 5 دیگر جرائم میں ملوث ملزمان شامل ہیں ، پولیس ملزمان سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔