کراچی (جیوڈیسک) رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن اور سائٹ میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع پر محاصرہ کر کے ایک درجن سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے 2 بھتہ خور اور پولیس مقابلے میں زخمی ملزم سمیت مجموعی طور پر 83 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، دستی بم اور چرس برآمد کرلی، تفصیلات کے مطابق رینجرز نے جمعرات کی علی الصباح بلدیہ ٹاؤن، میٹروول سائٹ اور محمد خان کالونی بلدیہ ٹاؤن میں کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر خان زمان اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایک درجن سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
رینجرز نے مزار قائد کے قریب شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ملزم کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ذرائع کے مطابق ملزم کو بریگیڈ پولیس کے حوالے کر دیا گیا، علاوہ ازیں اتحاد ٹاؤن پولیس نے بلدیہ ٹاؤن گلشن غازی میں کارروائی کرتے ہوئے۔
2 ملزمان حسن زیب اور عجب خان کو گرفتار کر کے 2 پستول ، بھتے کی کال کیلیے استعمال کی جانے سم اور موبائل فون برآمد کرلی، ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن شہزاد نے بتایا کہ ملزمان نے مقامی تاجر لیاقت سے 10 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا اور نہ دینے کی صورت میں اسے اور اس کے اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔