کراچی (جیوڈیسک) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں موجود رینجرز اہلکار سندھ کے بجٹ پر بوجھ ہیں ،وفاق انہیں واپس بلا کر پولیس کو مضبوط کرے۔ کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلال محمود شاہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے کراچی بے امنی کیس میں دیئے گئے فیصلوں پر عمل در آمد کیا جائے، غیر ملکی باشندوں کو کراچی سے نکالا جائے، اور سندھ کے جزیروں پر مرکز کے قبضے کو ختم کرکے اسے سندھ حکومت کے حوالے کیا جائے۔
جلال محمود شاہ کا مزید کہنا تھا کہ 1992 سے تعینات رینجرز کو واپس بھیجا جائے کیو نکہ وہ بجٹ پر بوجھ ہیں۔ اور رینجرز کو دیئے جانے والا بجٹ سندھ پولیس کو دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پولیس کو اسپیشل ٹریننگ، سامان، جدید ہتھیاروں اور موبائل گاڑیوں سے لیس کیا جائے تو ہی بہتر کارردگی کی امید کی جاسکی ہے۔