دبئی (جیوڈیسک) ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں پاکستانی نگاہیں بھارت کی دوسری پوزیشن پرمرکوز ہو گئیں۔کیویز کیخلاف 2-0سے کلین سوئپ روایتی حریف سے فاصلہ مزید کم کردے گا۔ البتہ حریف کی اسی مارجن سے فتح گرین شرٹس کو 2 درجے تنزلی کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچا دیگی، 1-1 کے نتیجے سے دونوں ٹیموں کی پوزیشز پر کوئی فرق نہیں پڑیگا۔
ورلڈ ٹوئنٹی 20رینکنگ میں پاکستان اس وقت 121 پوائنٹس کیساتھ بھارت (126) سے پیچھے تیسری پوزیشن پر ہے، یو اے ای میں جمعرات سے شروع ہونیوالی سیریز میں 2-0 سے کلین سوئپ سے ٹیم کو مزید 3 پوائنٹس مل سکتے ہیں، نیوزی لینڈ نے اسی مارجن سے کامیابی حاصل کی تو گرین شرٹس 6 پوائنٹس کا خسارہ برداشت کرتے ہوئے 2 درجے تنزلی کیساتھ پانچویں نمبر پر آ جائینگے۔
اس وقت 110 پوائنٹس کیساتھ چھٹی پوزیشن پر موجود کیویز کو ترقی تو نہیں ملے گی تاہم پاکستان سے فرق ایک پوائنٹ کا رہ جائیگا، سیریز 1-1سے برابر ہونے کی صورت میں شاہد آفریدی الیون کو ایک پوائنٹ کا خسارہ لیکن تیسری پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، نیوزی لینڈ اسی رینک پر رہتے ہوئے پوائنٹس میں ویسٹ انڈیز سے بہتر ہوجائیگا۔ مجموعی طور پر اس وقت سری لنکا سرفہرست، بھارت دوسرے، پاکستان تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے اورآسٹریلیا پانچویں نمبر پر ہے۔
ٹاپ 10 میں شامل دیگر ٹیمیں ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، آئرلینڈ اور بنگلہ دیش ہیں۔ بیٹنگ رینکنگ میں دسویں نمبر پر موجود احمد شہزاد ٹاپ10میں شامل واحد پاکستانی ہیں، دیگر نمایاں پلیئرز میں بالترتیب کوہلی، ایرون فنچ، اینڈریو ہیلز، میک کولم، کوشل پریرا، پال ڈومنی، سریش رائنا، ڈوپلیسی اور وارنر کے نام آتے ہیں۔ بولرز میں شاہد آفریدی چھٹی پوزیشن پر ہیں۔
ٹاپ 10 بولرز میں سیموئیل بدری سرفہرست دیگر میں سنیل نارائن،سچترا سینانائیکے،سعید اجمل، روی چندرن ایشون، مالنگا، مچل اسٹارک، کولاسیکرا اور ناتھن میک کولم شامل ہیں۔ آل راؤنڈرز میں محمد حفیظ نمبر ون، شکیب الحسن دوسرے اور شاہد آفریدی تیسرے نمبر پر ہیں۔