دبئی (جیوڈیسک) آئی سی سی ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں ورلڈ چیمپئن سری لنکا سے ٹاپ پوزیشن چھن گئی، سالانہ اپ ڈیٹ نے بھارت کو نمبرون بنا دیا، پاکستان تین پوائنٹس کے اضافے کے باوجود تیسرے نمبر پر موجود ہے، ویسٹ انڈیز کو 2 درجے خسارے نے ساتویں درجے پر پہنچا دیا۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں بھی سالانہ اپ ڈیٹ کیا جس کی وجہ سے 2011-12 اور 2012-13 کے آدھے نتائج منہا کر لیے گئے، 2013-04 کے تمام نتائج رینکنگ میں شامل ہیں، اس وجہ سے بھارت کو ایک اضافی پوائنٹ ملا جس نے اسے ٹاپ پوزیشن پر پہنچا دیا، 3 پوائنٹس کی کٹوتی کے باعث ورلڈ چیمپئن سری لنکا کو دوسرے نمبر پر آنا پڑا۔
گذشتہ 12 ماہ کے دوران بھارت اس طرز کا صرف ایک میچ ہارا وہ بھی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کا فائنل تھا، آئی لینڈرز اس عرصے کے دوران 4 میچز میں شکست کا سامنا کر چکے، سری لنکا نے 2 برس قبل اس فارمیٹ میں جو بہترین پرفارمنس پیش کی تھی وہ اب رینکنگ میں شامل نہیں رہی۔ پاکستان کو بھی سالانہ اپ ڈیٹ کی وجہ سے تین پوائنٹس ملے تاہم 123 پوائنٹس رکھنے والے گرین شرٹس تیسرے ہی نمبر پر براجمان ہیں، تین پوائنٹس پانے والا جنوبی افریقہ بھی چوتھے نمبر پر موجود ہے، 2 پوائنٹس پانے والا آسٹریلیا ایک درجہ بہتری سے پانچویں نمبر پر پہنچ گیا، اسی طرح ایک درجے ترقی نے نیوزی لینڈ کو چھٹے نمبر پر پہنچا دیا، ویسٹ انڈیز کو پورے 4 پوائنٹس کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ 2 درجے تنزلی کے بعد ساتویں پوزیشن پر آ گیا، انگلینڈ 8 اور بنگلہ دیش 10 ویں نمبر پر پہنچ گیا، ایک درجے ترقی نے نیدرلینڈز کو 11 ویں پوزیشن دلادی جبکہ افغانستان 12 ویں نمبر پر چلا گیا، زمبابوے 13 اور اسکاٹ لینڈ 14 ویں نمبر پر موجود ہے۔