ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی ووڈ جوڑی رنویر سنگھ اور دپییکا پدوکون کی نئی آنے والی فلم 83 شائقین کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق لیجنڈری کرکٹر کپل دیو اور 1983 کے اسکواڈ پر بنائی جانے والی فلم شائقین کو سینیما گھروں تک لانے میں ناکام رہی ہے۔
اس فلم میں بالی ووڈ کے معروف اداکار رنویر سنگھ کپل دیو جبکہ دیپیکا اُن کی اہلیہ رومی دیو کا کردار ادا کررہی ہیں اور وہ اس کی پروڈیوسر بھی ہیں۔ ہالی ووڈ فلم اسپائیڈر مین کے ساتھ سینیما گھروں میں ہفتے کے روز ریلیز ہونے والی فلم 83 نے اب تک باکس آفس میں صرف 47 کروڑ روپے کا کاروبار کیا جبکہ توقع کی جارہی تھی کہ یہ ماضی کی تمام فلموں کے ریکارڈ توڑ دے گی۔
بالی ووڈ فلموں پر نظر رکھنے والے ناقد اور مبصر ترن آدرش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر باکس آفس کلیکشن کے حوالے سے ایک ٹویٹ کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ ہفتے کے یعنی پہلے روز باکس آفس پر فلم 16.95 کروڑ، اتوار کو 17.4 کروڑ جبکہ تیسرے روز صرف 90 لاکھ روپے کا کاروبار کرسکی۔
انہوں نے بتایا کہ اس فلم کو تین روز میں اب تک 12.64 کروڑ روپے کا نفع ہوا ہے۔ ترن کے مطابق کرسمس کی تعطیل کے باعث ہفتے اور اتوار کو فلم نے ریکارڈ کاروبار کیا مگر پیر کو یہ ایک ناکام فلم کی صورت میں سامنے آئی۔
فلم کی کاسٹ میں رنویر ، دپیکا کے علاوہ ثاقب سلیم، جتن سرنا، طاہر راج، جیوا، ہاردی ساندھو، ایمی ورک، چارج پٹیل، پنکج ترپاٹھی سمیت دیگر کردار ادا کررہے ہیں۔
سابق کرکٹر روی شاستری نے 1983 کے اسکواڈ کا حصہ بننے پر خود کو خوش قسمت قرار دیا اور فلم 83 کواب تک کی زندگی کی بہترین فلم قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں کھلاڑیوں سمیت مشہور شخصیات کی زندگی پر فلم بننا کوئی نئی بات نہیں، اس سے پہلے بھی سابق کپتان ایم ایس دھونی اور اداکار سنجے دت سمیت متعدد فوجی اہلکاروں، بزنس مین کی زندگیوں پر درجنوں فلمیں بن چکی ہیں اور اب بھارت کو پہلی بار کرکٹ کی دنیا میں عالمی چیمپئن بنانے والے سابق کپتان کپل دیو کی زندگی پر فلم بنائی گئی ہے۔
بھارت نے پہلی بار کپل دی کی کپتانی میں کرکٹ ورلڈ کپ 1983 میں اپنے نام کیا تھا اور ان کی فلم میں بھی یہی کہانی دکھائی گئی ہے جب کہ ان کی نجی زندگی کو بھی فلم کے ذریعے دکھایا گیا۔