ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ نے ایک تقریب کے دوران ہجوم پر چھلانگ لگادی جس سے کئی مداح زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار رنویر سنگھ نے ممبئی میں جاری لیکمی فیشن ویک میں شرکت کی اور وہاں موجود شائقین کا لہو گرمانے کے لیے اپنی آنے والی فلم ’گلی بوائے‘ کا گیت گا کر محفل کو چار چاند لگا دیے۔
تقریب کے دوران رنویر سنگھ اتنے جذباتی ہوئے گئے کہ حاضرین کو متاثر کرنے کے غرض سے کچھ انوکھا کرنے کے لیے انہوں نے ہجوم پر چھلانگ لگا دی۔ رنویر سنگھ کی اس حرکت کی وجہ سے کئی مداح زخمی ہوگئے بعد ازاں رنویر نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے تقریب سے فوری طور پر نکل جانا ہی بہتر سمجھا۔
اداکار کی چھلانگ لگانے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد انہیں خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ہمالی نامی ایک صارف نے رنویر سنگھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رنویر کو اب بڑا ہو جانا چاہیے اور اس طرح کی بچگانہ حرکتیں بند کردینی چاہئیں۔
ایک صارف نے کہا کہ عوام ہی اداکار کو اداکار بناتے ہیں نہ کہ کوئی اداکار عوام بناتا ہے، ہمیں اداکاروں کے ساتھ عام لوگوں جیسا ہی رویہ رکھنا چاہیے ہم کیوں اُن کے ساتھ دوسری مخلوق کی طرح برتاؤ کرتے ہیں حالاں کہ ہم سب برابر ہیں۔
ارونبا نے رنویر کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ اگلی بار چھلانگ لگانے سے قبل اس بات کو باور کرالیں کہ سامنے دپیکا کھڑی ہوں تاکہ جب آپ اُن پر گریں تو وہ آپ کو پکڑ سکیں، آپ شادی شدہ شخص ہیں کچھ بڑے ہو جائیں۔