ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ کی رواں برس کی آخری فلم ’سمبا‘ آج ریلیز کر دی گئی، جس کے حوالے سے فلم ڈسٹری بیوٹرز اور تجزیہ کاروں کو یقین ہے کہ یہ 4 روز میں 100 کروڑ کا بزنس کرلے گی۔
کرن جوہر کی پروڈکشن اور روہت شیٹھی کی ہدایات میں بننے والی اس فلم میں رنویر سنگھ کے ساتھ سیف علی خان کی صاحبزادی سارہ علی خان نے مرکزی کردار نبھایا ہے۔
دو روز قبل فلم کی اسکریننگ کی گئی، جس میں رنویر سنگھ اور ان کی اہلیہ دپیکا پڈوکون سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی اور فلم کو ہر اعتبار سے بہترین قرار دیا۔
بھارتی نیوز ویب سائٹ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق فلم ڈسٹری بیوٹر اکشے راتھی نے پیشگوئی کی ہے کہ ‘سمبا’ 3 سے 4 روز میں 100 کروڑ کا بزنس کرلے گی اور بلاک بسٹر فلم ثابت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سمبا‘ ریکارڈ توڑ کمائی کرے گی اور کامیابی کے اعتبار سے ’چنائی ایکسپریس‘ کو بھی مات دے دے گی۔
اکشے راتھی کا کہنا تھا کہ یہ فلم ایک مکمل پیکج ہے، جس میں کہانی، رومانس، انٹرٹینمنٹ، ایکشن اور پیغام ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ فلم سارہ اور رنویر کی نہیں بلکہ ایک بہترین ہدایت کار رویت شیٹھی کی فلم ہے جو سال نو کا تحفہ ہے۔
دوسری جانب فلم تجزیہ کار ترن آدرش نے فلم کو ہر اعتبار سے ’فاتح‘ قرار دیتے ہوئے رنویر سنگھ اور روہت شیٹھی کو بھی سراہا ہے۔
فلم کے گانے بھی انتہائی مقبول ہوچکے ہیں اور مداح انہیں بہت پسند کر رہے ہیں۔
’سمبا‘ میں رنویر سنگھ اور سارہ علی خان کی جوڑی پہلی مرتبہ جلوہ گر ہوئی ہے، یہ فلم اداکارہ کے کیریئر کی دوسری فلم ہے، جسے ان کی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔