رنویر سنگھ ڈینگی بخار میں مبتلا

Ranvir Singh

Ranvir Singh

ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی اداکار رنویر سنگھ ڈینگی میں مبتلا ہو گئے، حالت تشویشناک، ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بالی ووڈ کے ابھرتے ہوئے اداکار رنویر سنگھ ڈینگی بخار کا شکار ہو گئے ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں ممبئی کے ایک ہسپتال منتقل میں کر دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق رنویر سنگھ اپنی نئی آنیوالی فلم غنڈے کی عکس بندی میں مصروف تھے کہ انہیں اچانک شدید بخار محسوس ہوا تاہم بگڑتی ہوئی طبیعت کو نظر انداز کرتے ہوئے انہوں نے فلم کی شوٹنگ جاری رکھی۔

بخار کے شدت اختیار کر جانے کے باعث طبیعت مزید بگڑی تو رنویر کو سیٹ پر موجود لوگ فوری طور پر ہسپتال لے آئے جہاں ٹیسٹ کے بعد ان میں ڈینگی بخار کی تشخیص ہوئی۔ بخار کی حالت میں بھی فلم کی عکس بندی میں مصروف رہنے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹرز نے کہا کہ رنویر سنگھ کو ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد دی جا رہی ہے۔

تاہم ان کی حالت اب تک سنبھل نہیں پائی۔ اس لئے حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا ہے کہ وہ کب تک مکمل صحت یاب ہوں گے۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ کے آنجہانی ہدایت کار یش چوپڑا بھی گزشتہ برس اس مہلک بیماری کا شکار ہو کراپنی جان کی بازی ہار گئے تھے۔