کراچی (جیوڈیسک) عمران خان نے شہر قائد میں محسود جرگے سے خطاب کیا اور انتظار کے ورثاء سے ملاقات کی اور مقدمہ خصوصی عدالت میں چلانے کا مطالبہ کیا۔
سہراب گوٹھ میں نقیب محسود کے قتل کے خلاف ہونے والے جرگے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ جرگے کے عمائدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہماری جنگ اس نظام کے خلاف ہے جس کی وجہ سے نقیب محسود قتل ہوا، ہماری جنگ راؤ انوار جیسے پولیس کے کپڑوں میں قاتلوں کے خلاف ہے، آپ کو خیبر پختونخوا کی پولیس پر فخر ہو گا کیونکہ وہاں کوئی پولیس والا کسی کو قتل نہیں کر سکتا۔
عمران خان نے محسود جرگے سے خطاب کرتے ہوئے راؤ انوار کو وردی میں قاتل قرار دیدیا۔ سیاستدانوں کی سرپرستی میں کارروائیوں کا الزام بھی لگا دیا، کہتے ہیں نقیب سے ظلم ہوا، نظام کے خلاف جنگ لڑنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق ایس ایس پی ملیر کے پیچھے کون ہے؟ سپریم کورٹ کو اس تک بھی پہنچنا چاہئے۔
عمران خان انتظار کے گھر بھی گئے اور مقتول کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا۔ اِس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقدمہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چلایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظار کے والدین پولیس تفتیش سے مطمئن نہیں ہیں، سیدھا سیدھا ایک لڑکے کو قتل کیا گیا ہے۔