زیادتی کا شکار لڑکی نے انصاف نہ ملنے پر خود کشی کر لی

Sargodha

Sargodha

سرگودھا (جیوڈیسک) سرگودھا میں زیادتی کا مقدمہ درج نہ ہونے پر سولہ سالہ لڑکی نے خود کشی کر لی، لڑکی کی موت کے بعد کڑانہ پولیس نے زیادتی کا مقدمہ درج کر کے ملزم گرفتار کر لیا۔ سرگودھا کے چک 28 جنوبی میں 16 سالہ لڑکی نے زیادتی کا مقدمہ درج نہ ہو نے اور پولیس سے انصاف نہ ملنے سے تنگ آ کر زہر پی لیا۔ جب زندگی اور موت کی کشمکش میں ڈی ایچ کیو اسپتال پہنچی تو انصاف بھی فوراً حرکت میں آ گیا اور 2 ڈی ایس پی ہسپتال میں ڈیوٹی دیتے رہے۔

لڑکی کے جاں بحق ہونے پر ڈی پی او سرگودھا نے ایس ایچ او تھانہ کڑانہ طفیل شاہ کو معطل کر دیا ہے اور لڑکی کے والد کی مدعیت میں تھانہ کڑانہ میں زیادتی کا مقدمہ درج کر کے ملزم صابر کو حراست میں لے لیا ہے۔

لڑکی کے والد شوکت کا کہنا تھا کہ وہ پولیس کے پاس جاتے رہے لیکن انہیں انصاف نہیں ملا۔ لڑکی کے بھائی کا کہنا تھا کہ پنچایت نے فیصلہ دیا تھا کہ ملزم صابر متاثرہ لڑکی سے نکاح کرے گا لیکن اس نے اپنانے کی بجائے حمل بھی ضائع کرا دیا اور پولیس نے الٹا ہمارے خلاف کارروائی شروع کر دی۔