اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم کے ’’کوئیک رسپانس فورس‘‘قائم کرنے کے حکم کے 6 ماہ بعد بھی ریپڈر سپانس فورس کا باضابطہ گشت صرف اسلام آباد کی شہری حدود میں شروع کیا جا سکا۔
وزیر اعظم نواز شریف نے گزشتہ سال ستمبر میں وزارت داخلہ کو حکم دیا تھا کہ وہ اسلام آباد میں عالمی معیار کے مطابق کوئیک رسپانس فورس قائم کریں جو 24 گھنٹے اسلام آباد بھرمیں گشت کرے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں 5 منٹ کے اندر جائے وقوعہ پر پہنچ کر متعلقہ پولیس کے پہنچنے تک حالات کوہینڈل کرے مگراس پر عملدر آمد کی رفتار نہایت ہی سست ہے جس کے باعث اسلام آباد میں دہشتگردی کے 4 واقعات بھی ہوگئے ہیں۔
اسی طرح نیکٹا کو بھی حکومت اپنے قیام کا ایک سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود مکمل متحرک وفعال بنانے میں ناکام رہی ہے۔