نرخ نہ بڑھنے پر کمپنیوں نے ٹی بی کی دوا بنانا بند کر دی

TB

TB

لاہور (جیوڈیسک) نرخوں میں اکیس فیصد اضافہ نہ ہونے پر دوا ساز کمپنیوں نے ٹی بی کی دوا تیار کرنا بند کر دیں ۔ مریض دوائی کیلئے خوار ہوتے پھر رہے ہیں ، دوائیں مارکیٹ سے غائب سینکڑوں مریضوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں ۔ قیمتیں نہ بڑھیں ، دوائیں بننا بند ، ٹی بی کے مریض خوار ہونے لگے ۔ دوا ساز کمپنیوں نے نرخوں میں 21 فیصد اضافہ کے لئے کیس ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی میں جمع کرایا ۔

ابھی تک کسی قسم کی کارروائی نہ ہو ئی تو کمپنیوں نے دوائیں تیار کرنا بند کر دیں ۔ مارکیٹ میں ٹی بی کے مریضوں کیلئے کوئی دوا نہیں ، مریض خوار ہوتے پھر رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں دواؤں کی فراہمی جاری تو ہے تاہم مریضوں کی رجسٹریشن کے علاوہ دیگر طویل قواعد و ضوابط کیلئے خوار ہونا پڑتا ہے ۔ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ ادویات کی قلت کی شکایات سامنے نہیں آئیں ۔ اگر ایسی صورتحال ہوئی تو فوری اقدامات کرتے ہوئے قلت کو دور کیا جائے گا ۔