برازیل (جیوڈیسک) کینیڈا کے میلوس راونک اور رومانیہ کی سیمونا ہیلپ نے زیکا وائرس کے خطرات کے پیشِ نظر برازیل کے شہر ریو میں آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے اولمپکس مقابلوں سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے میلوس روانک کا کہنا تھا: ’ میں یہ فیصلہ صحت کے خدشات کے پیش نظر اور زیکا وائرس کی غیر یقینی صورتِ حال کی وجہ سے کر رہا ہوں۔‘ واضح رہے کہ اب تک 20 سے زائد کھلاڑی زیکا وائرس کی وجہ سے ریو اولمپکس میں شرکت سے دستبردار ہونے کا اعلان کر چکے ہیں۔
ادھر رومانیہ کی سیمونا کا کہنا تھا کہ ان کے لیے ان کا خاندان اہم ہے اور وہ زیکا وائرس کی وجہ سے خود کو خطرے میں نہیں ڈال سکتیں۔
خیال رہے کہ زیکا وائرس کی وجہ سے بچے پیدائشی نقص کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔ سیمونا اور راونک ٹینس کے پہلے دو کھلاڑی ہیں جنھوں نے زیکا وائرس کی وجہ سے ریو اولمپیکس میں شرکت سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔
راونک نے فیس بک پر لکھا ہے: ’میں اپنے فیصلہ سے کسی دوسرے ایتھلیٹ کو متاثر نہیں کرنا چاہتا جو کہ گیمز کے لیے جا رہے ہیں۔ میں اس موسم گرما میں ٹیم کینیڈا کی حوصلہ افزائی کے لیے ہوں۔‘
ہمارے ٹینس نامہ نگار رسل فلر کا کہنا ہے کہ ’راونک اور ہیلپ اولمپکس میں شرکت سے دست بردار ہونے والے صف اول کے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ اگر دوسرے لوگ جو ایسے خدشات رکھتے ہیں انھیں ان کے اعلان سے فیصلہ کرنے میں آسانی ہو گی۔‘