لاہور (جیوڈیسک) دریائے ستلج کا سیلابی ریلا موضع ڈھلو کا حفاظتی بند بہا کر لے گیا، سیکڑوں ایکڑ اراضی ڈوب گئی، دریائے راوی کے سیلابی پانی نے میاں چنوں کے نواحی علاقوں میں تباہی مچا دی،دریائے چناب میں ہیڈ پنجند کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کے باعث پانی درجنوں دیہات میں داخل ہو گیا۔
دریائے ستلج میں طغیانی سے موضع ڈھلو کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے سیکڑوں ایکڑ اراضی ڈوب گئی۔ دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث پانی مزید درجنوں دیہات میں داخل ہو گیا۔ انتظامیہ نے سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔
دریائے راوی میں سیلاب کے باعث تلمبہ کے درجنوں دیہات میں ہر طرف پانی ہی پانی ہو گیا۔ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی دھان، کپاس اور گنا کی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ متاثرین بے سرو سامانی کے عالم میں حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ احمد پور سیال اور ضلع مظفر گڑھ کے دیہات میں سیکڑوں گھر سیلابی پانی کی لپیٹ میں آ گئے۔
دریائے سندھ میں چاچڑاں شریف میں سیلاب کے باعث درجنوں افراد کچے کے علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سندھ میں سکھر کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔