پشاور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی مرکز میں ختم بخاری شریف کے موقع پر منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی سراج الحق کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ عوام لبرل اور سکیولر پاکستان کا مطالبہ کر رہے ہیں، ان سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ اگر ایسا تھا تو قیام پاکستان کے وقت مسلمانوں نے اسلامی پاکستان کا ساتھ کیوں دیا، سب کو پتا چل گیا ہے کہ دہشت گردی کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت مشرف کے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف ہے، پنجاب میں حقوق نسواں بل پاس کرنے پر خواتین سب سے زیادہ احتجاج کر رہی ہیں، دینی جماعتوں نے اس سے بہتر قانون کا مسودہ تیار کیا ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری سے ملک کا صدر اور وزیر اعظم منتخب کرنے کی تجویز دینے والے یہ تجربہ اپنی پارٹی میں کریں۔
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ دینی مدارس کے طلباء اور علماء اس سرزمین سے اپنی وفاداری ثابت کر چکے ہیں، تمام دینی جماعتیں سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لئے متحد ہیں۔